Site icon Roze News

عالمی منڈی میں سستا، پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 45 پیسے اضافہ

عالمی منڈی میں سستا، پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 45 پیسے اضافہ

عالمی منڈی میں پٹرول اور ڈیزل سستا ہو گیا، لیکن پاکستانی عوام فائدے سے محروم رہ گئی، وفاقی حکومت نے رات گئے پٹرول کی قیمت میں اچانک اضافہ کر دیا، قیمت میں 1 روپے 45 پیسے اضافہ کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لٹر مقرر ہو گی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی بیشی نہیں کی گئی جس سے قیمت 247 روپے 43 پیسے فی لٹر پر برقرار رہے گی۔

دوسری جانب وزارت خزانہ نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لٹر کمی کی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 202 روپے 02 پیسے فی لٹر پر آ گئی ہے۔

اُدھر لائٹ ڈیزل بھی 4 روپے 26 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لائٹ ڈیزل کی موجودہ قیمت 197 روپے 28 پیسے لٹر ہو گئی ہے، خیال رہے کہ رات 12 بجے سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اور اطلاق ہو گیا ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے برعکس پاکستان میں بڑھا دی گئی ہیں، اس وقت حکومت پٹرول پر 63 روپے 17 پیسے فی لٹر اضافی وصول کر رہی ہے، پٹرول کی فی لٹر قیمت خرید 172 روپے 81 پیسے ہے، جبکہ عوام کو 235 روپے 98 پیسے میں دستیاب ہے، اس طرح حکومت پٹرول پر یومیہ 1 ارب 89 کروڑ روپے اضافی وصول کر رہی ہے۔

ڈیزل کی بات کی جائے تو اس کی فی لٹر قیمت خرید 224 روپے 69 پیسے ہے، جبکہ عوام کو 245 روپے 75 پیسے میں پڑ رہا ہے،  اس طرح ڈیزل پر عوام کو یومیہ 63 کروڑ روپے کا ٹیکا لگایا جا رہا ہے۔

Exit mobile version