جڑواں شہروں اسلام آباد و راولپنڈی، اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس بے قابو ہو گیا

جڑواں شہروں اسلام آباد و راولپنڈی، اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس بے قابو ہو گیا

ملک کے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی وائرس بے قابو ہو گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 68 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی، جبکہ راولپنڈی میں اسی عرصے میں نجی لیبارٹریوں سے 28 مریض سامنے آئے۔

اسلام آباد میں اب تک شہر میں 5 افراد ڈینگی کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران دیہی علاقوں میں 35 اور شہری علاقوں میں 33 کیس رپورٹ ہوئے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق رواں موسم میں 1456 ڈینگی کیس سامنے آ چکے ہیں، اس طرح اس سال دیہی علاقوں میں 891 اور شہری علاقوں میں 565 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران پمز اسپتال میں 13، اور پولی کلینک میں 3 مریض داخل ہوئے، جبکہ راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں 11 مریض لائے گئے، 24 گھنٹے میں نجی لیبارٹریوں سے ڈینگی کے 28 مریض سامنے آئے۔

اُدھر خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی بے قابو ہونے لگا، صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا کے 34 اضلاع میں رواں موسم میں ڈینگی کے 4 ہزار 980 کیس رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کے مزید 276 نئے کیس رپورٹ ہوئے، پشاور میں 118، مردان میں 67، مالاکنڈ میں 10، لوئر دیر میں 41، نوشہرہ میں 5، صوابی میں 9، چارسدہ میں 16، بنوں میں 7، ایبٹ آباد میں ڈینگی کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

ڈینگی سے متاثرہ 128 مریض اس وقت صوبے کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ ڈینگی سے ایک اور مریض انتقال کر گیا، جس کے بعد رواں موسم میں مرنے والوں کی تعداد 6 ہو گئی، علاوہ ازیں خیبرپختونخوا حکومت ڈینگی کے سی بی سی ٹیسٹ کی مفت سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر چکی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں