آٹے کی قیمتیں بس سے باہر، لاہور میں آٹا نایاب، عوام خوار ہوئے پھر رہے

آٹے کی قیمتیں بس سے باہر، لاہور میں آٹا نایاب، عوام خوار ہوئے پھر رہے

ملک کے کئی شہروں میں آٹے کی قیمتیں بس سے باہر ہو گئیں ہیں، جس کے باعث لاہور کے بہت سے علاقوں میں آٹا دستیاب ہی نہیں ہے، عوام آٹے کے لیے خوار ہوتے پھر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں اور سیلاب کے باعث مشکلات میں اضافہ ہونے لگا، لاہور اور اسلام آباد سمیت پورے ملک میں آٹا مزید مہنگا ہو گیا، غلہ منڈی میں گندم کی قیمت زیادہ ہوئی تو چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمتیں بڑھا دیں۔

اس وقت آٹے کی قیمت 130 روپے کلو کو چھو رہی، کراچی میں آٹا سب سے مہنگا ہے، ایک کلو کی قیمت 125 سے 130 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 80 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار 8 سو روپے سے مہنگی ہو کر 9 ہزار روپے ہو گئی، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے میں بِک رہا ہے۔

آٹے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے ترسیل کا آغاز نہ ہوا تو اس سے بڑا بحران آ جائے گا، صوبائی حکومت سے ترسیل بحال کرانے کے لیے مدد کی درخواست کرتے ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی میں بھی گندم اور آٹے کی قیمتیں بس سے باہر ہو گئیں، جہاں گندم کا سرکاری نرخ 3000 روپے من ہے، وہاں عام مارکیٹ میں 3550 سے 3800 روپے میں بیچی جا رہی ہے، فلور ملوں نے آٹے کے خود ساختہ بھاؤ مقرر کر رکھے ہیں جن میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1620 سے 1670 کے درمیان مل رہا ہے، آٹا چکی مالکان نے ایک ہی روز میں فی کلو آٹے کی قیمت میں 25 روپے اضافہ کر دیا ہے، جس سے چکی آٹے کی نئی قیمت 125 روپے کی مہنگی ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، کریانہ اور تھوک فروشوں نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں 110 سے 116 روپے میں ایک کلو آٹا دستیاب ہے، اسلام آباد میں چکی کا آٹا 125 روپے میں مل رہا ہے، کوئٹہ میں آٹے کی قیمت 120 روپے کلو تک پہچ گئی، جبکہ گوجرانوالہ میں چکی کا آٹا 130 روپے کلو بِک رہا ہے۔

چکی مالکان کے مطابق غلہ منڈیوں میں قلت کے سبب فی من گندم کی قیمت 2 ہزار850 سے زیادہ ہو کر3 ہزار800 روپے تک پہنچ چکی ہے، بجلی کے بھاری بل بھی ادا کرنے پڑ رہے ہیں، آٹا مہنگا نہ کریں تو کیا کریں؟

دوسری جانب عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کی قیمت بھی بڑھ چکی ہے، لاہور میں حکومت کی طرف سے فراہم کردہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 980 روپے مقرر ہے جو مارکیٹ میں اکثر جگہوں پر نایاب ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں