انگلش کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان میں، 7 ٹی 20 مقابلوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی

انگلش کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان میں، 7 ٹی 20 مقابلوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان پہنچ گئی، جہاں وہ قومی ٹیم کے خلاف 7 ٹی 20 مقابلوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

جوز بٹلر کی قیادت میں 18 رکنی انگلش دستہ جعمرات کی صبح کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا، جہاں پی سی بی حکام نے مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہا۔

اطلاعات کے مطابق آمد کے بعد انگلش ٹیم ایئرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہو گئی، جہاں پھر کپتان جوز بٹلر نے دوپہر 2 بجے پریس کانفرنس کی، دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی بھی آج ہی انگلینڈ کے خلاف ٹیم کا اعلان کرے گی۔

واضح رہے کہ آخری مرتبہ انگلش ٹیم نے کپتان مائیکل وان کی قیادت میں 2005ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے مقابلوں پر مشتمل سیریز کھیلی گئی تھی، پاکستان نے انضمام الحق کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز دو صفر اور ون ڈے سیریز 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔

گزشتہ برس اکتوبر میں بھی انگلش ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا اور اس دورے میں دو ٹی 20 مقابلے راولپنڈی میں کھیلنا تھے، تاہم سیریز سے چند روز قبل انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ منسوخ کر دیا تھا، جس پر پھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کراچی پہنچنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی کرکٹ کے ساتھ محبت اور جوش قابل ذکر ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم بہت مضبوط ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے ساتھ ٹی 20 سیریز بہت اہمیت کی حامل ہے اور 7 میچوں کی یہ سیریز دلچسپ رہے گی، لیونگ اسٹون اور دیگر کھلاڑی ہمارے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں