آئی سی سی رینکنگ: ٹیسٹ میں جوئے روٹ سرفہرست، ٹی 20 میں محمد رضوان اول پر

آئی سی سی رینکنگ: ٹیسٹ میں جوئے روٹ سرفہرست، ٹی 20 میں محمد رضوان اول پر

آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ اور ٹی 20 ریکنگ جاری کر دی، ٹیسٹ ریکنگ کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں سب سے اوپر انگلینڈ کے جوئے روٹ ہیں، ٹی 20 میں قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پہلے درجے پر، جبکہ خراب کارکردگی کے باعث آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بابراعظم سے دوسری پوزیشن بھی چھن گئی۔

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ درجہ بندی کے مطابق بلے بازوں کی فہرست میں سب سے اوپر انگلینڈ کے جوئے روٹ ہیں، جبکہ دوسرے پر آسٹریلیا کے مارنس لابوشین اور تیسرے پر پاکستان کے بابراعظم براجمان ہیں، آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ چوتھے اور بھارت کے رشبھ پنت پانچویں پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے محمد رضوان ایک درجہ ترقی کے بعد 16ویں اور عبداللہ شفیق 20ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ٹیسٹ مقابلوں میں بہترین گیند بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کے پاس ہے، بھارت کے ایشون دوسرے، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی تیسرے نمبر پر ہیں، آل راﺅنڈروں میں رویندر جدیجا پہلی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ٹی 20 درجہ بندی میں قومی ٹیم کے شاندار کھلاڑی محمد رضوان پہلی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں، تاہم کپتان بابراعظم دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم موجود ہیں، بھارت کے سوریا کمار یادیو کا چوتھا نمبر جبکہ فخر زمان چار درجے تنزلی کے بعد 55ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

گیند بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ نے پہلی پوزیشن سبنبھال رکھی ہے، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کی دوسری اور انگلینڈ کے عادل رشید کی تیسری پوزیشن ہے، سری لنکا کے ہسارنگا ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ شاداب 14ویں اور شاہین 17ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں