ایشیا کپ: اعصاب شکن مقابلہ، آخری اوور، 9 آؤٹ، نسیم شاہ کے 2 چھکے، پاکستان فاتح!

ایشیا کپ: اعصاب شکن مقابلہ، آخری اوور، 9 آؤٹ، نسیم شاہ کے 2 چھکے، پاکستان فاتح!

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی، آخری اوور میں، جب 9 کھلاڑی آؤٹ تھے، نسیم شاہ نے لگاتار 2 چھکے لگا کر پاکستان کو فاتح بنا دیا۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے جیت کے لیے پاکستان کو 130 رنز کا ہدف دیا، تاہم پاکستانی بلے بازی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے کھلاڑی آؤٹ ہوتے چلے گئے، صرف شاداب خان نے قابل ذکر 36 رنز بنائے اور پاکستان کو کسی قدر میچ میں واپس لائے، آل راؤنڈ کارکردگی پر بعد ازاں انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، شاداب کے آؤٹ ہونے بعد باقی کھلاڑی آتے گئے، چوکا، چھکا مار کر آؤٹ ہوتے گئے، آصف علی کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی شائقین کی امیدیں تقریباً دم توڑ گئیں، میدان میں بھی کچھ گرما گرمی ہوئی، مگر اس کے بعد جو ہوا وہ انہونی تھی۔

کریز پر اب دسویں اور گیارہویں نمبر کے بلے باز موجود تھے، نسیم شاہ اور محمد حسنین، آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، افغانی گیند باز فضل حق فاروقی نے پہلی گیند پھینکی اور گیند باؤنڈری سے پار، سب کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے، فضل حق نے دوسری گیند بھی یارکر پھینکنے کی کوشش کی لیکن فل ٹاس ہونے کی وجہ سے نسیم شاہ نے اسے بھی اٹھا دیا اور باؤنڈری کے بالکل پاس دوسرا لگاتار چھکا ہو گیا، پاکستان نے ایک ناقابل یقین مقابلہ جیت لیا تھا، نسیم شاہ اور دیگر کھلاڑی خوشی اور جوش سے میدان میں بھاگتے پھر رہے تھے۔

اس یادگار فتح کے ساتھ پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے، جبکہ افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں، پاکستان 11 ستمبر اتوار کے دن دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے آمنے سامنے ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں