ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق این ڈی ایم اے کی تفصیلات جاری

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق این ڈی ایم اے کی تفصیلات جاری

ملک بھر میں مون سون بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات بتا دیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 37 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، بلوچستان میں 4 بچے جاں بحق ہوئے، خیبرپختونخوا میں 16 افراد جاں بحق ہوئے، پنجاب میں راجن پور کے مقام پر ایک خاتون ڈوب گئی، جبکہ سندھ میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ریکارڈ ہوئی۔ ملک بھرمیں 24 گھنٹوں میں مختلف مقامات پر کُل 50 افراد زخمی ہوئے۔

جاری تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں 14 جون سے اب تک سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 937 ہو گئی، سندھ میں کل 306 اور بلوچستان میں 234 افراد لقمہ اجل بن گئے، خیبرپختونخوا میں 185، پنجاب میں 165 افراد جاں بحق ہوئے۔

ملک بھر میں حالیہ بارشوں میں زخمی افراد کی کل تعداد 1343 ہو گئی، سندھ زخمیوں میں سرفہرست ہے جہاں زخمیوں کی تعداد 876 ہو گئی، خیبرپختونخوا میں 237، بلوچستان میں 101 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھرمیں حالیہ بارشوں اورسیلاب سے 145 پلوں کو نقصان پہنچا، اب تک ملک بھر میں 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

اسی طرح ملک بھر میں 7 لاکھ 93 ہزار سے زائد مویشیوں کو بارشوں اور سیلاب سے نقصان پہنچا ہے، جبکہ آزادکشمیر میں ایک، بلوچستان 4، گلگت بلتستان میں 3 رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں، اور خیبرپخونخواہ میں 2 اور پنجاب میں بھی ایک رابطہ سڑک ابھی تک  بندش کا شکار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں