شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور، فیصلہ سنا دیا گیا

شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور، فیصلہ سنا دیا گیا

شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کر لی گئی، ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق شہباز گل کو مزید دو روز کے لیے پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت میں شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکیل نے دلائل دیے، جس کے بعد ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پہلے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا، اور پھر 3 بجے فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو مزید 2 دن کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد ان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد عدالت پولیس کی نامکمل تفتیش کی دلیل سے متفق ہے کہ شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، اس لیے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر حراست میں لینے کے بعد شہباز گل کا فوری طبی معائنہ کرائے اور طبی معائنہ کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جمع کرائی جائے۔

سیشن کورٹ اسلام آباد کے فیصلے کے فوری بعد شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

شہباز گل کے وکلا کی جانب سے جسنمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کی گئی، درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج، آئی جی اسلام  آباد، ایس ایس پی، ایس ایچ او اور مجسٹریٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں