بلوچستان میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان

بلوچستان میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان

بلوچستان میں آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے صوبے میں دوبارہ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، نتیجتاً پی ڈی ایم اے کی طرف سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کی تباہ کن صورتحال کے بعد پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ آج سے 14 اگست تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ 16 اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بلوچستان کے علاوہ کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کی وارننگ دی گئی ہے، جبکہ بارشوں سے کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں سمیت گلیات، مری، چلاس، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی کل سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے گیارہ سے تیرہ اگست تک کراچی، حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ میں بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، بارش سے کراچی کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں