ساؤتھ ایشین فٹ بال چمپیئن شپ 2020ایک سال کیلئے مؤخر

ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن (ساف) نے رواں برس ستمبر میں بنگلہ دیش میں شیڈول ساؤتھ ایشین فٹ بال چمپیئن شپ کو کورونا وائرس کے باعث ایک سال کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈھاکا ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق فیڈریشن کا اجلاس جنرل سیکریٹری انوارالحق ہلال کی زیرصدارت آن لائن ہوا اور اہم فیصلہ کیا گیا۔

انوارالحق ہلال نے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ ‘ہم نے رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ساف کے کیلنڈر پر بات ہوئی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے فیصلہ کیا کہ ڈھاکا میں رواں برس شیڈول ٹورنامنٹ کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا جائے اور اگلے اجلاس میں نئے شیڈول پر بات ہوگی’۔

سیکریٹری ساف نے کہا کہ ‘ہم دیگر ٹورنامنٹ کے حوالے سے ستمبر میں طے کریں گے، ہم کورونا وائرس کی صورت حال کا جائزہ لیں گے ‘۔

انہوں نے کہا کہ ‘اگر ممکن ہوا تو دیگر جونیئر ٹورنامنٹس دسمبر میں رکھنے کا انتظام کریں گے، دوسری صورت میں اگلے سال کے لیے مؤخر کریں گے’۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث رواں برس مارچ سے فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے دنیا بھر میں تاخیر کا شکار ہوئے ہیں تاہم یورپی فٹ بال کے متعدد بڑے ٹورنامنٹس کے میچ دوبارہ شروع ہوگئے ہیں۔

ایشیائی ممالک میں اب بھی کووڈ-19 کے باعث حالات معمول پر نہیں آسکے ہیں جس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔

میزبان بنگلہ دیش نے مارچ کے آخر میں ہی رواں برس فٹ بال کے ڈؤمیسٹک مقابلے ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا، فٹ بال کے علاوہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی معطل ہیں۔

واضح رہے کہ ساف چمپیئن شپ 2020 بنگلہ دیش میں 19 ستمبر سے 30 ستمبر تک شیڈول تھی۔

مالدیپ ٹورنامنٹ کا چمپیئن ہے جو مزید ایک سال تک چمپیئن برقرار رہے گا۔

فیفا نے 2015 میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی لگائی تھی، اب تین سال بعد پاکستان کو اس کھیل کے بین الااقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت ملی ہے۔ 2018 میں پابندی اٹھنے کے بعد پاکستان نے پہلی بار ساف چمپیئن شپ میں حصہ لیا ہے۔

قومی ٹیم نے تین سال بعد اپنے پہلے بین الااقوامی میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو دو گول سے ہرایا ہے۔

پاکستانی فٹ بال ٹیم 211 ٹیموں کی رینکنگ میں 201 نمبر پر ہے، اس کے باوجود کوچ انتھونیو نوگوئرا پر امید ہیں کہ آئندہ تین سالوں میں پاکستان جنوبی ایشیا کی ایک مضبوط فٹ بال ٹیم بن کر ابھرے گا۔