پی ایف ایف آن لائن ویمنز انٹرو ڈکٹری کوچنگ کورس اختتام پذیر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام تین روزہ آن لائن ویمنز انٹرو ڈکٹری کوچنگ کورس گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

کورس میں چھ، تین گھنٹے طویل سیشنز پر مشتمل تھا جس میں پورے ملک کے مختلف کلبز اور ڈیپارٹمنٹس کی نامزد کردہ 20 خواتین نے حصہ لیا۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طارق لطفی نے جونیئر ٹیم کوچ ناصر اسماعیل اور محسن الحسنین کی مدد کے ساتھ کورس کے چیف انسٹرکٹر کی ذمہ داری انجام دی۔

اس کورس کی بدولت، حصہ لینے والی خواتین کو فٹ بال کوچنگ کی دنیا سے متعارف کروایا گیا۔ کورس میں حصہ لینے والی خواتین اور انسٹرکٹرز نے پی ایف ایف کے اس قدم کو بہت سراہا اور یہ مشورہ دیا کہ ایسے اور کورسز بھی منعقد کئے جائیں۔

چیف انسٹرکٹر طارق لطفی صاحب نے کہا کہ یہ کورس کوچنگ کے مستقبل کے لئے ایک امید کی کرن ہے۔ انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوچنگ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ان آن لائن کوچنگ کورسز کے سلسلے کا اگلا کورس پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ کے کوچز کے لئے آئندہ ہفتے منعقد کیا جائے گا۔ ایسا ہی ایک ریفریشر کورس پاکستان فٹ بال فیڈریشن لیگ کے کوچز کے لئے بھی منعقد کیا جائے گا۔ یہ آخری کورس مردوں کے لئے انٹروڈکٹری کوچنگ کورس ہوگا۔