کیا تین اداکاراؤں سے تعلقات سشانت سنگھ کی ڈپریشن کا باعث بنے؟

گزشتہ ہفتے 14 جون کو اپنی ہی رہائش گاہ پر ملازموں کی موجودگی میں دن کو خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے حوالے سے ہر روز نئی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

ممبئی پولیس نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ان کے واقعے کی تفتیش شروع کر رکھی ہے اور پولیس جاننا چاہتی ہے کہ آخر کن وجوہات کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوئے؟

اب تک کی اطلاعات، رپورٹس اور پولیس تفتیش سے کوئی بات واضح نہیں ہوسکی ہے، تاہم خبریں ہیں کہ جہاں وہ مالی مشکلات کا شکار تھے، وہیں انہیں فلموں میں کام ملنا بھی کم ہوگیا تھا اور ساتھ ہی ان کے ساتھ فلم سازوں اور پروڈکشن ہاؤسز کا رویہ بھی درست نہیں تھا۔

اب تک کی معلومات کے مطابق انہیں ڈر ہوگیا تھا کہ اب ان کا کوئی پرسان حال نہیں اور وہ اقربا پروری کی شکار فلم انڈسٹری میں اکیلے پڑتے جائیں گے اور ساتھ ہی انہیں سچی محبت نہ مل پانے کا افسوس اور پچھتاوا بھی تھا۔

تاہم ان سب باتوں کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے اور پولیس نے بھی اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب شخصیات سے پوچھ گچھ کرنے کے باوجود کوئی واضح بیان نہیں دیا ہے۔

لیکن اب سشانت سنگھ راجپوت کا ذہنی علاج کرنے والے نفسیاتی ماہر کا بیان سامنے آیا ہے، جنہوں نے انکشاف کیا کہ اداکار ایک سال سے ڈپریشن کا شکار تھے اور گزشتہ 6 ماہ سے ان سے علاج کروا رہے تھے۔

سشانت سنگھ کے سب سے پہلے انکتا لوکھنڈے سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
انڈیا ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ ممبئی کے ہندوجا ہسپتال کے نفسیاتی ماہر ڈاکٹر کیسری چاوڑا نے ممبئی پولیس کو اداکار کی ذہنی صحت کے حوالے سے اہم باتیں بتائیں۔

رپورٹ میں دوسرے نشریاتی ادارے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اداکار کے ڈاکٹر نے پولیس کو بتایا کہ سشانت سنگھ سچا پیار نہ مل پانے کی وجہ سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھے اور وہ ہروقت اپنی پہلی گرل فرینڈ اداکار انکتا لوکھنڈے کو یاد کرتے رہتے تھے۔

رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کو اداکارہ انکتا لوکھنڈے سے تعلقات ختم ہونے کا صدمہ تھا اور وہ اس بات کا اعتراف بھی کرتے تھے کہ انہیں ان کے بعد سچی محبت نہیں ملی۔

ڈاکٹر کے مطابق انکتا لوکھنڈے سے تعلقات ختم ہونے کے بعد سشانت سنگھ راجپوت نے عارضی طور پر اداکارہ کرٹی سینن سے بھی تعلقات استوار کیے، تاہم انہیں نئے تعلقات میں سکون نہیں ملا۔

انکتا لوکھنڈے کے بعد سشانت سنگھ کے تعلقات کرٹی سونن سے ہوئے—فائل فوٹو: دی اسٹیسمین

نفسیاتی ماہر کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت نے کرٹی سینن سے بھی جلد ہی تعلقات ختم کرلیے اور ایک فلم ڈائریکٹر کی بیٹی سے بھی عارضی طور پر تعلقات قائم کیے مگر بعد میں انہوں نے وہ تعلقات بھی ختم کرلیے۔

ڈاکٹر کیسری چاوڑا نے بتایا کہ 2017 کے بعد سشانت سنگھ راجپوت کے تعلقات اداکارہ ریا چکربورتی سے استوار ہوئے اور وہ دونوں ایک ساتھ بھی رہنے لگے۔

ڈاکٹر کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے انہیں بتایا تھا کہ ریا چکربورتی اپنی خاتون دوست کے ساتھ رہتی تھیں مگر وہ انہیں اپنے گھر لیے آئے تھے لیکن جلد ہی ان میں اختلاف ہونا شروع ہوگئے تھے۔

ڈاکٹر نے دعویٰ کیا کہ سشانت سنگھ راجپوت ریا چکربورتی کے رویے سے کافی پریشان تھے اور اتنے سال گزر جانے کے باوجود آخر تک اداکار انکتا لوکھنڈے سے اپنی محبت کو یاد کرتے رہتے تھے۔

کرٹی سونن کے بعد اداکار کے تعلقات ریا چکربورتی سے استوار ہوئے—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
ادھر فلم فیئر نے اپنی رپورٹ میں اسی حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹر کیسری چاوڑا نے اپنے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کیسے ایک ڈاکٹر اور مریض کے درمیان رازداری کے معاہدے کو توڑ کر مریض کی ذاتی باتیں دوسروں کو بتا سکتے ہیں؟

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کے ڈاکٹر نے دعویٰ کیا کہ ان کا حوالہ دے کرمن گھڑت خبریں چلائی گئیں جب کہ پولیس بھی یہ واضح کر چکی ہے کہ انہوں نے تاحال اداکار کے ڈاکٹر سے رجوع نہیں کیا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ہی سشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ اداکار ریا چکربورتی نے بھی ممبئی پولیس میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

ریا چکربورتی نے تقریبا 9 گھنٹے تک پولیس کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے اپنے تعلقات کے حوالے سے کھل کر بات کی تھی اور اعتراف کیا تھا کہ ان کے اور سشانت سنگھ راجپوت کے تعلقات جلد ہی ان دونوں کے کام اور مصروفیت کی وجہ سے خراب ہونے لگے تھے۔

ریا چکربورتی کے مطابق وہ دونوں شادی بھی کرنا چاہتے تھے اور ابتدائی طور پر سشانت سنگھ کے والدین راضی نہیں تھے مگر بعد ازاں وہ راضی ہوگئے۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ خودکشی سے ایک دن قبل بھی وہ اداکار سے ملی تھیں اور سشانت نے انہیں چلے جانے کو کہا تھا اور بتایا تھا کہ وہ اکیلے رہنا چاہتے تھے اور انہوں نے ان کی ڈپریشن کی وجہ سے انہیں اکیلا چھوڑا اور اداکار کے فلیٹ سے چلی گئیں۔

ریا چکربورتی نے بھی بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کام نہ ملنے اور پروڈکشن ہاؤسز کے رویے کی وجہ سے پریشان تھے اور وہ چند ماہ سے ڈپریشن کا شکار تھے۔

اداکار کے سب سے وقت کے لیے تعلقات کرٹی سینن سے رہے تھے—فائل فوٹو: بولی وڈ لائف
سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک خودکشی پر 17 جون کو ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نامی شخص نے ریاست بہار کے شہر مظفر پور کی عدالت میں سشانت سنگھ کی خودکشی کو قتل قرار دیکر سلمان خان اور کرن جوہر سمیت 8 بولی وڈ شخصیات کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

سدھیر کمار کا دعویٰ تھا کہ معروف بولی وڈ شخصیات نے ایسے حالات پیدا کیے کہ سشانت سنگھ راجپوت خودکشی جیسے قدم پر مجبور ہوئے۔

اداکار کی خودکشی کے بعد بھارتی عوام سوشل میڈیا پر متعدد بولی وڈ شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے اور بااثر شخصیات پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ وہ ایسے حالات پیدا کردیتے ہیں کہ نئے اور ٹیلنٹڈ اداکار مایوس ہوکر یا تو انڈسٹری چھوڑ دیتے ہیں یا پھر دنیا ہی چھوڑ دیتے ہیں۔

عوام کی جانب سے ایسے ہی الزامات کے بعد دو دن قبل ہی فلم ساز وجے شیکھر گپتا نے سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی اور خودکشی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے وجے شیکھر گپتا کا کہنا تھا کہ فلم سشانت سنگھ راجپوت کی سوانح عمری نہیں ہوگی بلکہ ان کی زندگی، جدوجہد اور ان کی جانب سے خودکشی کرنے کے معاملے پر بنائی جائے گی۔

فلم ساز کے مطابق نوجوان اداکار کی خودکشی نے پوری قوم کو جنجھوڑ دیا ہے اور قوم حقائق جاننا چاہتی ہے اور ساتھ ہی فلم انڈسٹری میں آنے کے خواہاں نوجوان اور نئے چہرے شوبز انڈسٹری کا مکروہ چہرا بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔