اماراتی شہریوں اور مکینوں کو کم خطرے کے حامل ممالک کے سفر کی اجازت

ابوظہبی متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں اور مکینوں کو کرونا وائرس کے حوالے سے کم خطرے سے دوچار بعض ممالک کے فضائی سفر کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امارات کے ایک اعلیٰ عہدہ دار نے پریس کانفرنس میں اس فیصلے کا اعلان کیا لیکن ان ممالک کی فہرست جاری نہیں کی ہے جہاں اماراتی شہری اور مکین جا سکیں گے۔ دریں اثناء دبئی نے جمعرات 18 جون سے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بعض پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور 60 سال سے زاید عمر کے شہریوں اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو شاپنگ مالوں ، سوئمنگ پولز ، بیچز، پبلک پارکوں اور بعض سینما گھروں میں جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔دبئی اسپورٹس کونسل کے ایک بیان کے مطابق امارات دبئی میں عوامی پیراکی کے تالابوں کو گذشتہ جمعہ سے دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور پانی سے متعلق کھیلوں کی سرگرمیوں پر عاید پابندی ختم کردی گئی ہے۔اس کا اطلاق ہوٹلوں ، صحت کلبوں ،جِم اور تفریحی کلبوں کے علاوہ اقامتی اور تجارتی تنصیبات پر ہوگا۔تاہم بیان کے مطابق افراد، گروپوں اور کاروباروں کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے وقت کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کرنا ہوگی۔