’ارطغرل’ میں روشنی کا کردار ادا کرنیوالی اداکارہ بھی پاکستان آنے کی خواہشمند

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کی خواہش پر پی ٹی وی پر نشر ہونے والے شہرہ آفاق ترک ڈرامے ‘دیرلیش ارطغرل’، جسے ارطغرل غازی بھی کہا جاتا ہے، میں خانہ بدوش قبیلے کے سردار کی بیوی کا کردار نبھانے والی اداکارہ بورجو کراتل (روشنی) نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
31تفصیلات کے مطابق سالہ اداکارہ بورجو کراتل نے ڈرامے میں خانہ بندوش قبیلے کے جنگجو سردار کی جنگجو بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور وہ ڈرامے کی ابتدائی 60 اقساط میں دکھائی دیں گی۔

ترک ڈرامے کو پی ٹی وی پر اردو ترجمے کے بعد ارطغرل غازی کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے جہاں پاکستانی ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر نے بھی اس جیسا اسلامی فتوحات پر مبنی ڈراما بنانے کا اعلان کیا ہے۔
وہیں ارطغرل غازی کے پروڈیوسر نے بھی پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، علاوہ ازیں ڈرامے کی مقبولیت کے بعد ڈرامے کی تقریباً تمام بڑی کاسٹ نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار سمیت ان کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ ڈرامے کے دیگر 4 اداکاروں نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اب ڈرامے کی ایک اور اداکارہ بورجو کراتل نے بھی پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے انڈیپینڈنٹ سے بات کرتے ہوئے بورجو کراتل نے بھی ڈرامے کی پاکستان میں مقبولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں پہلے ہی اندازا تھا کہ مذکورہ ڈراما تقریباً تمام دنیا میں پھیل جائے گا۔