بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین کی گاڑی کو خوفناک حادثہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی تاہم اظہر الدین محفوظ رہے۔

اظہر الدین کی گاڑی کو حادثہ راجستھان میں پیش آیا جس میں وہ محفوظ رہے ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ان کی گاڑی کی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حادثہ کس قدر خوفناک تھا اور ان کی گاڑی شدید متاثر ہوئی ہے۔ سابق کرکٹر نے ٹوئٹر پر حادثے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے محفوظ رہے ہیں، اور ٹھیک ہیں، ان تمام لوگوں کو شکریہ جنہوں نے پیغامات بھیجے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پولیس کے مطابق اظہر الدین اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ سفر کررہے تھے اورسوروال کے علاقے میں ان کی گاڑی قابو سے باہر ہوکر ایک ہوٹل سے جاٹکرائی جس کے باعث وہاں کام کرنے والا ایک شخص زخمی ہوا ہے۔