ذاتی وجوہات، بسمہ معروف کا کپتانی اور دورے سے دستبرداری کا اعلان

لاہور: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے خاندانی وجوہات کی بنا پر کپتانی اور دورہ جنوبی افریقا سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے خاندانی وجوہات کی بنا پر دورۂ جنوبی افریقا سے دستبرداری کا اعلان کیا۔پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ جنوبی افریقا کا دورہ کرنا ہے جس کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی میں تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا۔بسمہ معروف نے تربیتی کیمپ میں حصہ لیا اور آج دوپہر وہ ذاتی و خاندانی مسائل کی وجہ سے کراچی سے لاہور روانہ ہوگئیں۔

ویمنز ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے تصدیق کی کہ بسمہ معروف دورۂ ساؤتھ افریقا میں دستیاب نہیں ہوں گی، انہوں نے عدم دستیابی کی درخواست کی تھی جس کو بورڈ نے تسلیم کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ ’بسمہ دورۂ جنوبی افریقا چھوڑنے پر خود بھی مایوسی کا شکار ہیں مگر خاندان میں کچھ ایسے مسائل ہوئے جس کی وجہ سے انہیں اپنا دورۂ ملتوی کرنا پڑ رہا ہے‘۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات 31 دسمبر کو دورۂ جنوبی افریقا کے لیے سترہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، جس میں عارضی کپتان کا نام بھی سامنے آجائے گا۔