سلمان خان کا دل سونے کا ہے، ہم انہیں فرشتہ کہتے ہیں‘

بھارت کے معروف کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کو حال ہی میں دل کا دورا پڑا تھا اور انہوں نے بتایا کہ اس دن بالی وڈ اسٹار سلمان خان نے ان کی مدد کیسے کی تھی۔ ریمو ڈی سوزا نے بتایا کہ اس دن میں جم گیا لیکن طبیعت بہتر محسوس نہیں ہو رہی تھی تو اپنا سیشن منسوخ کرکے بیوی کے ساتھ واپس گھر کو روانہ ہوگیا۔ ریمو ڈی سوزا نے بتایا کہ اچانک میری طبعیت خراب ہوئی اور شدید تکلیف محسوس کی جس پر اسپتال پہنچےجہاں ڈاکٹر نے دل کے دورے کا بتایا۔

بھارتی کوریو گرافر کا کہنا تھا کہ اس وقت سلمان خان میری فیملی کی مدد کے لیے آئے، ہم انہیں فرشتہ کہتے ہیں ان کا دل سونے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سلمان کے ساتھ کام کیا ہے اور میں جانتا ہوں کہ وہ کس قدر اچھے انسان ہیں لیکن میری سلمان خان سے خاصی بات نہیں ہوتی تھی۔

ریموڈی کا کہنا تھا کہ سلمان میری بیوی کے اچھے دوست ہیں اور جیسے ہی مجھے اسپتال لے جایا گیا تو میری بیوی نے سلمان کو بلا لیا تھا، میں 6 دن اسپتال میں رہا اور ان دنوں سلمان اس چیز پر خاص نظر رکھتے تھے کہ میری ٹھیک سے دیکھ بھال کی جا رہی ہے یا نہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ریمو ڈی سوزا کی اہلیہ لیزلے نے بھی سلمان خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔