دنیا کی معیشت بیٹھ گئی لیکن پاکستان میں بہترصورتحال ہے: اسد عمر

سکھر: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہےکہ ساری دنیا میں معیشت بیٹھ گئی ہے لیکن پاکستان میں بہترصورتحال ہے۔ سکھر میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ہمیں صرف کراچی کے لیے کام نہیں کرنا بلکہ پورے سندھ میں کام کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کسی ایک شہرکی نہیں پورے ملک کی ترقی چاہتے ہیں، سکھر میں کہیں بھی ترقی کے آثار نظر نہیں آرہے اور پینے کا صاف پانی تک یہاں دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود شمالی سندھ کے لیے ترقیاتی پیکج بنائیں گے، عمران خان ہمیشہ قانون کے بالاتر ہونے کی بات کرتے ہیں، زیادتی کرنے والے افسران اور اہلکارکو وارننگ دے رہا ہوں، انہیں قیمت اداکرنی ہوگی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپنے اورخاندان کے لیے ایک معیار اورعوام کے لیے دوسرا معیارنہ رکھیں، نوازشریف کو دعوت دے رہے ہیں وہ واپس آئیں انہیں کس نے روکا ہے جب کہ شہبازشریف اداکاری کررہے ہیں۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ ساری دنیا میں معیشت بیٹھ گئی ہے، پاکستان میں بہترصورتحال ہے، فیصل آباد میں مزدوروں کی کمی ہورہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ باقی پاکستان میں آٹا سستا اور سندھ میں مہنگا ہے، اچھی خبر ہے کہ چینی کی قیمت نیچے آرہی ہے۔