لاہور: 2 ڈاکوؤں نے کیفے میں گھس کر شہریوں کو لوٹ لیا

لاہور: جوہر ٹاؤن میں دو ڈاکوؤں نے معروف کیفے میں گھس کر کئی فیملیوں کو لوٹ لیا۔ واقعے کا مقدمہ کیفے کے مالک محمد حسن کی مدعیت میں تھانہ ستوکتلہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق شلوار قمیض میں ملبوس دو نوجوان کیفے میں آئے اور جائزہ لیتے رہے، دونوں ڈاکوؤں نے اسلحہ نکالا اور کیفے میں موجود فیملیز کو لوٹنا شروع کر دیا۔

دونوں ڈاکو فیملیز سے 8لاکھ سے زائد مالیت کے 20 موبائل فونز اور ایک لاکھ کے قریب نقدی لے اڑے جب کہ دونوں اسلحہ بردار ڈاکو موٹرسائیکل نمبر 7102 پر واردات کر کے فرار ہوئے۔ متاثرہ شہری نے سوشل میڈیا پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ اور وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔