شاہد آفریدی کے اینٹی باڈی ٹیسٹ کا نتیجہ آگیا

لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے کولمبو میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا اینٹی باڈیز ٹیسٹ کلیئر آگیا ہے۔ ٹیسٹ کلیئر آنے کے بعد 40 سالہ شاہد آفریدی سری لنکا میں کھیلی جانے والی لنکا پریمیر لیگ کے گال گلیڈی ایٹرز کے آج ہونے والے پہلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ بیٹی کی بیماری کے سبب شاہد آفریدی کے تاخیر سے سری لنکا پہنچنے اور آئسولیشن مکمل کرنے کے سبب میچ میں شرکت مشکوک تھی۔

واضح رہے کہ لنکا پریمیر لیگ میں گال گلیڈئیٹر آج جافنا سٹالینز کے خلاف میچ کھیلے گی۔ اس لیگ میں 5 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، جن میں کولمبو کنگز، ڈمبولا ہاکس، کینڈی ٹیسکرز، فافنا سٹالینز اور گال گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ ایل پی ایل میں شعیب ملک، کامران اکمل، عثمان شنواری اور محمد عامر بھی جگمگائیں گے جب کہ اس میں شریک ٹیم گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی ملکیت ہے جس کی قیادت شاہد خان آفریدی کریں گے۔