دورہ نیوزی لینڈ پر کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

دورہ نیوزی لینڈ پر قومی کرکٹ ٹیم کے ان 6 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ پر کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد، روحیل نذیر، نسیم شاہ اور دانش عزیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عابد علی اور محمد عباس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قومی ٹیم کا غیر ملکی دورہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے اور نیوزی لینڈ حکام نے پاکستان کو آخری وارننگ جاری کردی ہے۔ پاکستان کی ٹیم ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچی ہے جہاں سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہے۔دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی دستہ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف سمیت 50 سے زائد اراکین پر مشتمل ہے۔نیوزی لینڈ پہنچنے پر پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ کے ٹیسٹ کیے گئے اور وہاں چھ اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے۔جن 6 کھلاڑیوں کے کیسز مثبت آئے ہیں ان میں سے دو کے کیسز کو پرانا قرار دیا جا رہا ہے اور وہ پہلے سے ہی اس بیماری کا شکار تھے، جبکہ چار اراکین حال ہی میں وائرس کی زد میں آئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق ان چھ کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے اور بقیہ اسکواڈ سے الگ کردیا گیا ہے۔ان اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آئسولیشن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کے لیے دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش تک پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہیں ہو گی۔کورونا وائرس سے پاک چند ممالک میں سے ایک نیوزی لینڈ نے قرنطینہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس طرح کا رویہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔صحت کے ڈائریکٹر جنرل ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ نیوزی لینڈ آ کر کھیلنا اعزاز کی بات ہے لیکن اس کے بدلے ٹیموں کو کورونا وائرس کے سلسلے میں بنائے گئے قوانین کا احترام اور ان کی پاسداری کرنی چاہیے۔یاد رہے کہ لاہور سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ اور مینجمنٹ کے چار مرتبہ کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے تھے اور چاروں مرتبہ یہ ٹیسٹ منفی آئے تھے جس کے بعد اسکواڈ کو کیویز کے دیس روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان کی طبیعت ناساز اور ان میں علامات ظاہر ہونے کے بعد اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا اور وہ ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوئے۔اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد آئسولیشن کے پہلے دن پاکستانی دستے کے کچھ اراکین نے قوانین اور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی جس پر تاحال کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی لیکن نیوزی لینڈ کرکٹ حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹرز کے اس غیرسنجیدہ طرز عمل سے آگاہ کردیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی تک اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
پاکستان کی ٹیم تین ٹی20 اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 23 نومبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوئی تھی