رشی کپور کی موت کے بعد نیتو کپور نے شوٹنگ کا دوبارہ آغاز کردیا

ممبئی:بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپورکی موت کے بعد اٴْن کی اہلیہ اداکارہ نیتو کپور نے پہلی مرتبہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر شوہر کے لیے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار رشی کپور کی موت کے بعد نیتو کپور بری طرح ٹوٹ گئی تھیں، اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے اصرار کے بعد اب وہ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ رہی ہیں، انہوں نے رشی کپور کے بعد پہلی مرتبہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔گزشتہ روز فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں وہ پوری کاسٹ کے ساتھ چنڈی گڑھ کے لیے روانہ ہوگئی ہیں، اداکارہ نیتو کپور اپنی نئی آنیوالی فلم میں معروف اداکار انیل کپور کیساتھ سکرین شیئر کرتی دکھائی دیں گی۔

انسٹاگرام پر نیتو کپور نے ایک فوٹو شیئر کی ہے جس میں وہ انیل کپور، اداکارہ کیارا اڈوانی، اداکار ورون دھون کے ساتھ کھڑی نظر آرہی ہیں، یہ تصویر انہوں نے گزشتہ روز چنڈی گڑھ روانہ ہونے سے قبل لی تھی۔انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’ان خوفناک دنوں میں میری پہلی پرواز، اس سفر کے لیے میں بہت نروس ہوں‘۔اداکاہ نے رشی کپور کو یاد کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’کپور صاحب آپ میرا ہاتھ تھامے ہوئے نہیں ہیں لیکن مجھے معلوم ہے کہ آپ میرے ساتھ ہیں۔ مجھے ایسا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے آپ کا شکریہ‘۔