دریافت شدہ ذخائر سے تیل کی پیداوار شروع

کوئٹہ: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے خوش خبری دی ہے کہ بلوچستان کے شہر زیارت میں دریافت شدہ تیل کے ذخائر سے خام تیل کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔

کوئٹہ کے قریب واقع شہر زیارت میں 2018 میں تیل کے ذخائر دریافت ہوئے تھے، یہ پاکستان میں تیل کی ایک اور دریافت تھی، جس سے اب خام تیل کی پیداوار کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی نے زیارت میں خام تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، یہاں تیل کا کنواں 2018 میں دریافت ہوا تھا، جس سے خام تیل کی پیداوار کا تخمینہ 800 بیرل یومیہ ہے۔

پی پی ایل اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اٹک ریفائنری اس دریافت ہونے والے کنویں سے خام تیل خریدے گی، کنویں سے روزانہ آٹھ سو بیرل تیل نکلنے کی توقع ہے، کمپنی کا اس سلسلے میں اٹک ریفائنری سے معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔