کورونا وائرس میری وجہ سے نہیں چین سے آیا: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس ان کی وجہ سے نہیں بلکہ چین کی وجہ سے آیا۔امریکی صدارتی امیدواروں ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن کے درمیان الیکشن سے قبل آخری مباحثہ ہوا۔مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کورونا کی وبا ختم ہو رہی ہے۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ہفتوں کے اندر کورونا وائرس کی ویکسین کی دستیابی کا امکان ہے۔

مباحثے کے دوران امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا تھا کہ جو بھی ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہزاروں اموات کی وجہ ہے ان کو امریکہ کا صدر نہیں رہنا چاہیے۔امریکہ میں نسل پرستی کے حوالے سے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ میں ادارہ جاتی سطح پر نسل پرستی کی جاتی ہے۔مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا سابق صدر باراک اوباما اور جوبائڈن کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ہی انہوں نے الیکشن میں حصہ لیا۔

ٹرمپ نے اپنے مخالف صدارتی امیدوار جوبائیڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا انہوں نے روس سے پیسے لیے جس پر جوبائڈن کا کہنا تھا کہ انہوں نے باہر سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا۔جو بائیڈن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک جو امریکی الیکشن میں مداخلت کرنا چاہتا ہے، ان کے منتخب ہونے کی صورت میں وہ اس کی قیمت ادا کرے گا۔’میں نے واضح کر دیا ہے کہ کوئی بھی ہو، چاہے وہ کوئی بھی ملک ہو، اگر اس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کرے تو وہ اس کی قیمت ادا کرے گا۔‘صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے امریکی صدر کی شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ دوستی کی مذمت کی اور ان کی سفارت کاری کو ہٹلر کے ساتھ کام کرنے سے تشبیہ دی۔