’سینٹرل جیل میں حلیم عادل کو ٹانگ میں راڈ لگی، دیگر اعضاء پر بھی چوٹیں آئیں‘

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل میں حلیم عادل شیخ کی ٹانگ میں راڈ لگی اور ان کے جسم کے دیگر اعضاء پر بھی چوٹیں آئیں۔ ترجمان حلیم عادل شیخ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب حلیم عادل کو سینٹرل جیل سے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا گیا تھا۔

جناح اسپتال آرتھوپیڈک کے سربراہ اے آر جمالی نے کل حلیم عادل شیخ کا معائنہ کیا تھا، اے آر جمالی نے ہڈیوں کے زخم ہونے پر حلیم عادل شیخ کو جناح اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ حلیم عادل شیخ کو ٹانگ میں راڈ لگی ہے، ان کے جسم کے دیگر اعضاء پر بھی چوٹیں آئی ہیں۔ ترجمان حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو آج جناح اسپتال آرتھوپیڈک وارڈ منتقل کیا جائے گا۔