کرونا وبا کے دوران منسوخ ہوجانے والی پروازوں کے حوالے سے السعودیہ کی وضاحت

ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران منسوخ ہوجانے والی پروازوں کا ٹکٹ ایک سال تک مؤثر رہے گا۔

سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ ہنگامی حالات میں ٹکٹ کی میعاد سفر کی تاریخ سے ایک سال کے لیے بڑھا دی جاتی ہے۔

السعودیہ نے یہ بات ایک شہری کے استفسار پر بتائی جس نے دریافت کیا کہ کرونا وبا کی وجہ سے منسوخ ٹکٹ کے بدلے جاری ہونے والے ٹکٹ کی میعاد کتنی ہوگی، آیا اجرا کی تاریخ سے ایک برس شمار کیا جائے گا یا پرواز کی تاریخ سے ایک سال شمار کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی تارکین کیلئے نئی ہدایت جاری

السعودیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عام حالات میں ٹکٹ اجرا کی تاریخ سے ایک سال تک مؤثر رہتا ہے۔

جہاں تک وبا کے دوران منسوخ کی جانے والی پروازوں سے متعلق پالیسی کی بات ہے تو یہ پروازیں مجبوراً منسوخ کی گئی ہیں ان پر ہنگامی حالات کا ضابطہ نافذ ہوگا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ٹکٹ سفر کی تاریخ سے ایک برس تک مؤثر ہوں گے۔

السعودیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ جو لوگ کرونا وائرس وبا کے باعث سفری ہدایات اور پابندی کی تفصیلات جاننا چاہتے ہوں وہ السعودیہ کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔