سینیٹ الیکشن: خاتون اول کی قریبی دوست فرحت شہزادی نے کاغذات واپس لے لیے

لاہور: خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست اور پی ٹی آئی کی سینیٹ امیدوار فرحت شہزادی نے کاغذات نامزدگی واپس لےلیے۔ سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے فرح خان نے اپنے اصل نام فرحت شہزادی کےنام سےکاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر پی ٹی آئی کی امیدوار تھیں تاہم اب انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔

الیکشن کمشنر نے فرحت شہزادی کو آج کاغذات کی جانچ پرٹال کےلیے طلب کررکھا تھا لیکن وہ اس سے قبل ہی سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہوگئی ہیں۔ فرحت شہزادی کے سینیٹ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی گئی تھی جس پر وزیراعظم کے معاون شہباز گل نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرحت شہزادی پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور سینیٹ کا ٹکٹ ان کا حق ہے۔