پی ایس ایل سیزن 6 کا آغاز کامیابی کے ساتھ کرینگے، شرجیل خان

کراچی: جارح مزاج بلے باز اور کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان کہتے ہیں کہ پی ایس ایل فائیو کامیابی کے ساتھ ختم کیا تھا، چھٹے سیزن کا آغاز بھی کامیابی کے ساتھ کریں گے۔

کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے کہا کہ بیس فروری سے پی ایس ایل کا میلہ شروع ہورہا ہے، تمام کھلاڑیوں کو اس کا بے صبری سے انتظار ہے، کراچی کنگز کے تمام کھلاڑی پی ایس ایل سکس کھیلنے کیلئے تیار ہیں، ہم پی ایس ایل فائیو کےچیمپئن ہیں، چیمپئن بننے سے مورال بلند ہے مگر تمام توجہ اب چھٹے ایڈیشن پر مرکوز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: شائقین کرکٹ کا انتظار ختم، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل خان نے بتایا کہ پی ایس ایل سیزن سکس کے لئے کراچی کنگز میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوئی ہے، ہمارے ٹاپ آرڈر میں کولن انگرام کی شمولیت ہوئی ہے، میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر شرجیل خان نے بتایا کہ وہ بولنگ صرف پریکٹس سیشن میں کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ٹیم چاہے کوئی بھی ہماری کارکردگی بہتر ہونی چاہیے، ہم سب کی کوشش یہی ہے کہ مثبت اور اچھی کرکٹ کھیلیں۔شرجیل خان نے بتایا کہ جب سے کرونا وبا آئی ہے، متعدد بار اپنا ٹیسٹ کرایا ہے، میرے خیال میں ابھی تک میری کرونا ٹیسٹنگ کی ہاف سینچری ہوچکی ہے۔