10 سال سے مصر کیساتھ تعطل کا شکار تعلقات ازسرنو بحال ہو گئے: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مصر کے ساتھ گزشتہ 10 سال سے تعطل کا شکار تعلقات ازسر نو بحال ہو گئے ہیں۔ مصر کے دورے پر موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ کل مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کے ساتھ بہت اچھی نشست ہوئی، مصری صدر نے پاکستان کے لیے گراں قدر جذبات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر عبدالفتح السیسی نے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا، اور گزشتہ 10 سال سے مصر کے ساتھ تعطل کا شکار تعلقات ازسرنو بحال ہو گئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ مصری صدر نے مسلم امہ سے متعلق اپنے وژن کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مصری ہم منصب سامح شکری سے نشست میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، ملاقات میں ہم نے مشاورت کے ساتھ آئندہ کے لیے ایک جامع ‘روڈ میپ’ ترتیب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلیٰ سطح کا سیاسی کمیشن مشاورتی اجلاس ہو گا جبکہ اپریل میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مصر جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف دورہ مصر میں دفاعی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے۔