شدید دھند: علامہ اقبال ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن جزوی معطل

لاہور: شدید دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن جزوی طور پر معطل کردیاگیا۔ ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن جزوی معطل ہونے کے بعد دبئی سے لاہور آنے والی نجی ائیرلائن کی پروازکو اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے صبح 11 بجے تک لاہور کے شدید دھند کی لپیٹ میں رہنے کی پیشگوئی کی ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری لاہور سے سمندری تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے اور دھند کے باعث قومی شاہراہ پر ان علاقوں میں حد نگاہ 20 میٹر ہے۔

واضح رہےکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایسا موسم 20 سال بعدآیا ہے، بارشیں نہ ہونا دھند کا سبب ہے۔