قومی مکسڈ مارشل آرٹس ہیرو احمد مجتبیٰ کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال

بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے والے قومی مارشل آرٹس ہیرو احمد مجتبیٰ کا کوئٹہ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔کوئٹہ پہنچنے پر احمد مجبتیٰ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

احمد مجبتیٰ کا استقبال کرنے والوں میں پارلیمانی سیکریٹریز بشری رند اور دھنیش کمار، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی اور سیکرٹری کھیل عمران گچکی سمیت دیگر حکام بھی شامل تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے عزت دی۔

قومی ہیرو کا کہنا تھا کہ جس دن میری بھارتی کھلاڑی سے فائٹ تھی اس دن کشمیر ڈے تھا، مجھے اپنی جیت کے لیے لوگوں کی دعاؤں پر یقین تھا، اللہ نے مجھے کامیابی دی اور میں نے پاکستانی پرچم بلند کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، حکومت سے درخواست ہے کہ مارشل آرٹس کے لیے سہولیات فراہم کرے۔ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ احمد مجتبیٰ نے 5 فروری کو ایک منٹ کے اندر بھارتی کھلاڑی کو ناک آؤٹ کیا تھا، احمد مجتبیٰ کی بھارتی کھلاڑی کے خلاف جیت کو ہم نے فتح کے طور پر منایا۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا احمد مجتبیٰ کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی احمد مجتبیٰ کو جیت پر مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے اپنے قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا، احمد مجبتیٰ کی کوئٹہ آمد پر جشن کا سماں ہے۔یاد رہے کہ احمد مجتبیٰ نے سنگاپور میں مکس مارشل آرٹس چیمپئن شپ مقابلے میں بھارتی حریف کو ہرایا تھا۔