شاندار یادوں کے ساتھ جنوبی افریقی کھلاڑی فاف ڈو پلیسی کا ٹیسٹ کیریئر اختتام پزیر

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ کپتان اور بلے باز فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائر منٹ لےلی ہے، تاہم محدود اوورز کے فارمیٹ میں فاف ڈو پلیسی سلیکشن کے لئے دستیاب ہونگے۔

جنوبی افریقہ کے لئے 69 ٹیسٹ کھیلنے والے چھتیس سالہ کرکٹر نے 36 ٹیسٹ میچز میں بطور کپتان اپنے فرائض انجام دئیے اور پروٹیز کے لئے 10 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں، پانچ روزہ فارمیٹ میں ان کے بلے بازی کی اوسط 40.02 رہی جبکہ ان کا ٹیسٹ میں زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 199 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔ یہ اسکور فاف ڈو پلیسی نے دو ماہ قبل سنچورین میں سری لنکا کے خلاف اسکور کیا تھا۔

دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے پروٹیز کھلاڑی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بطور کپتان انہوں نے ہوم گراؤنڈ اور آسٹریلیا کے میدانوں میں کینگروز کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔

فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی سینچری بھی کینگروز کے خلاف ایڈیلیڈ اوول میں بنائی تھی جسے وہ اپنے کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیتے ہیں، انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 376 رنز کے ٹارگٹ کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے 376 گیندوں پر 110 رنز کی اننگز کھیلی تھی، ان کی شاندار ڈیبیو سینچری کے باعث جنوبی افریقہ یہ ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوا مگر سیریز اپنے نام کر گیا تھا۔