خیبرپختونخوا میں میٹرک پاس وزیر کو محکمہ قانون کا قلمدان بھی مل گیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں میٹرک پاس وزیر کو محکمہ قانون کا اضافی چارج دیے دیا گیا ۔ وزیر بلدیات اکبر ایوب خان کو وزیر قانون سلطان محمد خان کے استعفے کے بعد محکمہ قانون کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں حلیم عادل پر انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

اکبرایوب کو اس سے قبل گزشتہ سال ضیاء اللہ بنگش کی جگہ وزیر تعلیم بنایا گیا تھا تاہم ان کی تعلیمی قابلیت میٹرک ہونے اورسوشل میڈیا پرتنقید کے بعد ان سے تعلیم کی وزارت واپس لے کر ان کو محکمہ بلدیات دیا گیا۔

صوبائی محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر قانون سلطان محمد کے استعفے کے بعد اکبرایوب کو محکمہ قانون کا بھی اضافی چارج دیاگیا ، وزیر قانون سلطان محمد خان کو ویڈیو اسکینڈل کے بعد فارغ کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سیاست میں تجربہ بہت اہمیت رکھتا ہے، اکبر ایوب کو جوبھی وزارت دی گئی انہوں نے بہتر پرفارمنس دی، توقع ہے اکبر ایوب وزارت قانون بھی بہتر چلائیں گے۔