ویرات کوہلی سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو صفر پر آؤٹ ہونا مہنگا پڑگیا۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ جاری ہے۔ پہلی اننگز میں ویرات کوہلی بغیر کھاتہ کھولے پولین لوٹے تو سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہوگیا۔ صارفین نے کپتان کے ماضی میں کیے گئے ایک ٹوئٹ کو نشانے پر لے لیا۔

بھارتی شہر چنائے میں کھیلے جانے والے میچ کی پہلی اننگز میں انگلش اسپنر معین علی نے شاندار آف کٹر سے ویرات کوہلی کو صفر پر آؤٹ کردیا تھا۔ کلین بولڈ ہونے پر ویرات خود بھی حیران رہ گئے تھے۔

بھارتی کپتان نے نومبر 2014 میں ایک سادہ ٹوئٹ کیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ‘میں نے کیا کیا ہے؟’۔ سوشل میڈیا صارفین ماضی کے اس ٹوئٹ پر اب ویرات کوہلی کو خوب طنز کا نشانہ بنا رہے ہیں۔