پی ایس ایل 6؛ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا آج سے آغاز

لاہور: پاکستان سپر لیگ 6 کیلیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت پیر سے شروع ہورہی ہے لہٰذا پہلے مرحلے میں کراچی کے مقابلوں کے ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔

پی ایس ایل 6 کے پہلے مرحلے کیلیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہورہی ہے۔ شائقین www.bookme.pk پر رجسٹریشن کرواکر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔

ویب سائٹ کے چیف ایگزیکٹو فیضان اسلم نے ’ایکسپریس نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈ صورت حال میں صرف 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس طرح نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 6500 تماشائی ایک میچ دیکھ سکتے ہیں جبکہ قدافی اسٹیڈیم لاہور میں یہ گنجائش 4500 ہے، ایک شناختی کارڈ پر صرف ایک شخص ٹکٹ خرید سکتا ہے، بچوں کے ب فارم پر ٹکٹ کی بکنگ کروائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں رضوان نے کیریئر کی بہترین پوزیشن پر قبضہ جما لیا

ٹکٹ پر شناختی کارڈ کے ساتھ کیو آر کوڈ درج ہوگا جس کو 3 مختلف مقامات پر اسکین کرواکر تماشائی اندر داخل ہوسکیں گے، شائقین پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔ میچ والے دن وہی شخص اسٹیڈیم داخل ہوسکے گا جس کے نام پر ٹکٹ کی بکنگ ہوگی۔

پہلے مرحلے میں کراچی کے میچز کی بکنگ شروع کررہے ہیں، لاہور کے میچز کے لیے بھی جلد بکنگ کا آغاز کردیں گے، دوسری طرف پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹکٹ کے نرخ 500 سے 5000 تک رکھے جانے کا امکان ہے۔