ٹی ٹوئنٹی فائنل؛ پاکستان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

تین ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس ‏جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اس اہم میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ افتخار احمد، خوشدل شاہ او ر حار ث رؤف کو ‏ڈراپ کر کے حسن علی اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ زاہد محمود ڈیبیو کریں گے۔

گذشتہ روز کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی اور سیریز برابر کردی، قذافی اسٹیڈیم میں پروٹیز نے دورہ پاکستان میں پہلی فتح حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: کون اٹھائے گا ٹرافی؟ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی آج ہو گا

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 145 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈرکس اور وین بجوین نے 42، 42 رنز کی ذمہ دار اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر 25 اور کپتان ہینرک کلاسن 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین رنز سے شکست دی تھی۔