فرسٹ ایئر کی طالبہ کا مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کیس، مزید 2 ملزمان گرفتار

کراچی میں فرسٹ ایئر کی طالبہ کا مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کیس میں مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 4 ہو گئی ہے ۔ تفتیشی حکام کے مطابق لڑکی اور چاروں ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے ہیں جو کہ آج لیب بھیجے جائیں گے، ڈی این اے کی رپورٹ آنے کے بعد ہی زیادتی سے متعلق واضح ہو گا۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے موبائل فونز تحویل میں لے لیے گئے ہیں اور متاثرہ لڑکی کا موبائل فون بھی پولیس کے پاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں تھر پارکر میں 13 ماہ کے دوران 125 سے زائد خواتین کی خودکشی

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ لڑکی کے موبائل فون سے تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کر کے انہیں دیا گیا ہے، ڈی این اے، سی سی ٹی وی اور موبائل فونز کے فارنزک کے بعد ہی کیس میں پیش رفت ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز گلشن حدید سے کالج جاتے ہوئے فرسٹ ایئر کی طالبہ کو اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان اغوا کے بعد لڑکی کو ڈیفنس کے علاقے میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔