پی ایس ایل کے اگلے ترانے کیلیے بڑا سرپرائز؟

شائقین کرکٹ کو جہاں ہر سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نئے سیزن کا انتظار ہوتا ہے تو وہیں انہیں پی ایس ایل کے نئے ترانے کی بھی اتنی ہی خوشی ہوتی ہے۔گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی جب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آفیشل ترانہ ریلیز کیا گیا تو اسے سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اس بار پی ایس ایل 6 کے ترانے میں نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ریپر طلحہ انجم اور طلحہ یونس نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔صارفین کی جانب سے اس گانے کو اتنا پسند نہیں کیا گیا اور سوشل میڈیا پر گانے سے متعلق بے شمار میمز بھی شیئر کی گئیں۔

بعدازاں پی ایس ایل کے ترانے سے مایوس چند مداحوں کی جانب سے مطالبہ کیا جانے لگا کہ ہمیں پی ایس ایل 6 کے ترانے میں ایکسنٹ چاہیے۔

اس مطالبے پر رومانین بینڈ ایکسنٹ کی جانب سے بھی ردِعمل کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے صارف کی پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ ‘اس ہیش ٹیگ AkcentWeWantPSL6song# کو ٹرینڈ بنائیں اور ایکسنٹ آفیشل پیج پر ٹیگ کریں شاید اب ہم یہ بنائیں’۔

اس کمنٹ کے بعد رومانین بینڈ ‘ایکسنٹ’ کی جانب سے حال ہی میں ایک ٹوئٹ کی گئی ہے۔مقبول ترین رومانین بیڈ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ‘پی ایس ایل 7 اور پی ایس ایل 8؟’۔اس ٹوئٹ میں ایکسنٹ نے ‘پی ایس ایل اینتھم’، ‘پی ایس ایل’ اور ‘دی نیکسٹ پروڈکشن’ ہیش ٹیگ کا استعمال کیا۔

ایکسنٹ کے ٹوئٹ پر ایک صارف نے کمنٹ کیا کہ ‘ہم بلکل برا نہیں مانیں گے اگر یہ پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب میں ہو’۔محمد ذیشان نامی صارف کہتے ہیں کہ ‘دونوں، سَر ہم آپ کو سننا پسند کریں گے’۔

ایک اور صارف کہتے ہیں کہ ‘پی ایس ایل 7 کیونکہ ہم آپ کی جانب سے پی ایس ایل کا ترانہ گانے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے’۔