سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، جو ایوان میں پارٹی کے لیے بہتر ہوگا اسے سینیٹر بنائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹ کیلئےحتمی امیدواروں کے ناموں پرغور کیا گیا اور سینیٹر بننے کے خواہشمند افراد کی لسٹ پر مشاورت مکمل کی گئی۔

اجلاس میں روایتی طریقہ کار سے ہٹ کرسینیٹ کے لیے میرٹ پر ٹکٹ دینے پراتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے کہا سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلنے کی روایت ختم کررہے ہیں، جو ایوان میں پارٹی کے لیے بہتر ہوگا اسے سینیٹر بنائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسے لگا کر ایوان میں آنےوالےعوام کے فائدے کا کبھی نہیں سوچ سکتے، شفاف انتخابات اورایوان بالامیں اکثریت حاصل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسد درانی کیس میں نیا موڑ، جسٹس محسن اختر کیانی کی مزید سماعت سے معذرت

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں اوپن ووٹ پرانتخابات ہوں، میں چاہتا ہوں ووٹ پرقیمت نہ لگے۔خیال رہے سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، 11مارچ کو52سینیٹرزریٹائرہوجائیں گے۔