کابل میں پولیس چیف کی گاڑی کو بم دھماکے میں اُڑادیا گیا، 5 افراد ہلاک

کابل: افغانستان میں پولیس چیف کی گاڑی پر بم دھماکا کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ کابل کی مرکزی شاہراہ پر عین اس وقت ریمورٹ کنٹرول بم دھمکا کیا گیا جب وہاں سے پولیس چیف کی گاڑی گزر رہی تھی، خوفناک دھماکے میں پولیس چیف محمد زئی کوچی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

دھماکے میں پولیس چیف کے دو محافظ اور 2 راہگیر بھی ہلاک ہوئے جب کہ دو راہگیر زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم کابل میں گزشتہ تین ماہ سے میزائل اور خود کش حملوں میں سیکیورٹی اور حکومتی حکام کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ کابل یونیورسٹی پر بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں 50 طلبا ہلاک ہوگئے تھے اور یہ کارروائیاں داعش نے کی تھیں۔

کابل میں آج پولیس چیف کی گاڑی پر حملے سمیت دو دھماکے اور بھی ہوئے ہیں دونوں حملوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم یہ حملے ناکام رہے اور صرف 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔