دہشتگردی کیخلاف پولیس کو صف اوّل پر لڑنا ہوگا: آئی جی بلوچستان

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) بلوچستان طاہر رائے نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس کو صف اول پررضاکارانہ طور پر لڑنا ہوگا۔ پولیس لائن میں منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کر تے ہوئے آئی جی بلوچستان محمد طاہر رائے نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے، عوام کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، ہم انشااللہ ایسا ریکارڈ بنائیں گے کہ دہشتگرد قانون کی گرفت میں آجائے گا۔

آئی جی بلوچستان نے اہلکاروں سے کہا کہ آپ کا ویلفیئر پیکیج بڑھا دیا گیا ہے جس کے تحت آپ کی بچیوں کے جہیز فنڈ میں 25 فیصد اضافہ اور آپ کے ذہین اور ہونہار بچوں کے اسکالرشپ جو کہ کچھ عرصے کے لیے بند کیا گیا تھا اسے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فورس کے رہائش کے مسائل کو دور کرنے کے لیے رہائشی اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ ہمیں امن کو مستحکم کر نا ہے اور اس کے لیے ہم ہر قربانی کے لیے تیار ہیں، ہم تما م اداروں کے ساتھ مل کر کا م کریں گے، معلومات کا تبادلہ کریں گے اور مشترکہ آپریشن کرکے مکمل امن قائم کریں گے مگراس کے لیے پولیس کو ہر اوّل دستے کا کردار ادا کرنا ہو گا اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہو گا۔