بیٹے کے امیتابھ کی نواسی سے تعلقات پر جاوید جعفری بول پڑے

بالی وڈ اداکار جاوید جعفری نے بیٹے میزان جعفری کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی ننداسے تعلقات پر بیان سامنے آگیا۔ میگا اسٹار امیتابھ کی نواسی کے نوجوان مسلمان اداکار میزان جعفری کی محبت میں گرفتار ہونے کی خبریں زبان زد عام ہیں تاہم وہ کئی مرتبہ میزان کے اچھے دوست ہونے کا اقرار کرچکی ہیں۔

گزشتہ دنوں بھی امیتابھ کی نواسی نویا کی میزان جعفری کیلئے لگائی گئی پوسٹ سوشل میڈیا پر کافی چرچا میں تھی جس کے بعد سے دونوں کے درمیان قریبی تعلق کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں۔ اب اس معاملے پر جاوید جعفری نے بھی لب کشائی کی ہے۔ اداکار کا کہناتھاکہ لوگ چسکا لینے کیلئے مواد چاہتے ہیں لیکن کسی کا اچھا دوست ہونا ہمیشہ کچھ اور ہی مانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بچے ایک ساتھ بڑے ہوئے ہیں، میری بیٹی علاویا اور نویلی اسکول کے زمانے سے دوست ہیں اور یہ اکثر ایک ساتھ ہی دکھتے ہیں کیونکہ دونوں کے مشترکہ دوست ہیں، اسی لیے ان کے تعلقات کی خبریں جوڑنا بہت آسان ہے۔

دوسری جانب جاوید جعفری کے بیان کے برعکس میزان اور نویا نویلی ایک ساتھ اکثر نظر آتے ہیں اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی ایک دوسرے کیلئے رومانوی اسٹوریز لگاتے ہیں۔ خیال رہے کہ نوجوان اداکار میزان جعفری بالی وڈ کے نامی گرامی اداکار سید اشتیاق احمد جعفری (جن کا فلمی نام جگدیپ تھا) کے پوتے اور اداکار جاوید جعفری کے بیٹے ہیں۔

میزان نے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ملال‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا ہے اور اس میں بہترین اداکاری پر انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔