کراچی میں قتل شہری کون تھا؟ جان کر آپ بھی غمگین ہوجائیں گے

کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گذشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا فاروق رفیق باڈی بلڈر چیمپیئن نکلا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہفتہ چھ فروری کی شب پیش آیا، مقتول باڈی بلڈر اسٹیٹ ایجنسی میں بیٹھا تھا کہ اس دوران ایک ڈاکو اندر داخل ہوا اور لوٹ مار شروع کردی۔

پولیس کے مطابق لوٹ مار میں مزاحمت پر فاروق رفیق نے ڈاکو کا سر بھی پھاڑ دیا تھا، تاہم ہاتھا پائی بڑھنے پر ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ سے جس سے وہ شدید زخمی ہوئے، واقعے کے بعد زخمی فاروق کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں وہ دوران علاج چل بسے۔

یہ بھی پڑھیں : “اپوزیشن میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے

عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد چھ تھی، جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، فائرنگ کے بعد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فاروق رفیق کراچی چیمپئن سمیت مسٹر سینٹرل بھی رہ چکے ہيں۔ واقعے کیخلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں خطرناک اضافہ ہوگیا ہے، آئے دن کوئی نہ کوئی ڈکیتی کی خبر سامنے آتی رہتی ہے جبکہ پولیس اور انتظامیہ ان وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے ۔