بھارت، لاپتہ بزرگ‌ کی جمی ہوئی لاش برآمد

شملا: بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں لاپتہ شخص کی جمی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش کے ضلع کولو سے 60 سالہ بزرگ کی لاش برآمد ہوئی جو دو روز سے لاپتہ تھا۔پولیس حکام کے مطابق مذکورہ شخص تین فروری کی صبح کام کے سلسلے میں گھر سے نکلا اور پھر واپس نہیں لوٹا، اہل خانہ نے اُسے تلاش کرنے کی کوشش بھی کی۔

پولیس حکام کے مطابق اہل خانہ گمشدگی کے بعد اُسے مسلسل تلاش کررہے تھے مگر کچھ معلوم نہیں ہوپارہا تھا، آج اہل خانہ کو بزرگ کی برف میں جمی ہوئی لاش ملی۔

پولیس کے مطابق اہل خانہ کے لاش دیکھنے کے بعد پولیس کو طلب کیا، اُن کے ذہن و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ اُن کے گھر کے فرد کی لاش ہے۔پولیس نے جب اسے اٹھا کر شناخت کی کوشش کی تو وہاں کھڑے ایک شخص نے بزرگ کو پہچانا۔

پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد جسد خاکی اہل خانہ کے حوالے کردیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے مزید قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔