عرفان خان کو کیا پسند نہیں تھا؟سالگرہ پر بیٹے نے بتادیا

بالی وڈ کے معروف اداکار عرفان خان کے انتقال کو 8 ماہ گزر چکے ہیں تاہم اگر وہ زندہ ہوتے تو آج 54 سال کے ہوجاتے۔

عرفان خان کے 54 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کے بڑے بیٹے بابِل نے انسٹاگرام پر اپنے فیملی کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی ہے۔ ویڈیو سے لگتا ہےکہ یہ ویڈیو کال ہے جو کہ عرفان خان کی جانب سے بیٹے بابل کو ملائی گئی ہے، ویڈیو میں عرفان خان کے چھوٹے بیٹے ایان اور اہلیہ سوتاپا سِکدر بھی موجود ہیں، ویڈیو میں عرفان اہلیہ اور بیٹے کو بابل کے لیے پیغام دینے کو کہہ رہے ہیں کہ ہم تمھیں یاد کررہے ہیں۔

کیپشن میں بابل نے لکھا ہےکہ ‘ آپ سالگرہ نہیں مناتے تھے اور اسے پسند بھی نہیں کیا اور مجھے بھی کسی کی سالگرہ کا دن یاد نہیں رہتا کیونکہ آپ نے نہ تو میری سالگرہ یاد رکھی اور نہ ہی اپنی یادکرنے پر زور دیا، ہمارے لیے سالگرہ کا دن معمول کی طرح ہوتا تھا اور ہم ہر دن کو مناتے تھے، تاہم اس بار میں چاہوں بھی تو آپ کی سالگرہ کا دن نہیں بھول سکتا،بابا آج آپ کی سالگرہ ہے’۔ خیال رہے کہ عرفان خان گذشتہ سال 29 اپریل کو ممبئی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، وہ کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اس سے قبل عرفان خان کئی ماہ سے نیورو اینڈوکرائن کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور چند ماہ قبل لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس ممبئی آئے تھے۔