وفاقی اسپتالوں کے عملے کی کورونا ویکسی نیشن کی تربیت کا آغاز

اسلام آباد : اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں کے عملے کی کورونا ویکسی نیشن کی تربیت کاآغاز کردیا گیا ، ای پی آئی ماہرین وفاقی اسپتالوں کےعملے کو تربیت دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی اسپتالوں کے عملے کی کورونا ویکسی نیشن کی تربیت کاآغاز ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں کے عملے کی تربیت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ویکسینیشن ٹیمز کی ٹریننگ سیشن نیشنل ہیلتھ کمپلیکس میں جاری ہے ، ای پی آئی ماہرین وفاقی اسپتالوں کےعملے کو تربیت دے رہے ہیں ، وفاقی اسپتال کی 3رکنی ٹیم ویکسی نیشن تربیتی سیشن میں شریک ہیں۔

ویکسی نیشن ٹیم نرس، میڈیکل ٹیکنیشن اور ویکسینیٹر پرمشتمل ہے، تربیت یافتہ ٹیم اسپتالوں کے عملے کوتربیت دے گی۔
یاد رہے تین روز قبل انسداد کورونا مہم کے لیے خصوصی عملے کی تیاری کا آغاز کیا گیا تھا، اس مہم کیلئے عملے کی ٹریننگ ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس(ای پی آئی) اور نادرا کررہا ہے۔ ذرایع کا کہنا تھا کہ ای پی آئی اور نادرا کے ماہرین کی کوروناویکسی نیشن کی ٹریننگ جاری ہے، عملے کی کورونا ویکسی نیشن اور ریکارڈمینجمنٹ سسٹم کی ٹریننگ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق انسدادکورونا مہم کیلئے ملک بھر میں عملے کی ٹریننگ مرحلہ وار ہوگی، ٹرینڈ عملہ پہلے فیز میں ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسی نیشن کرے گا، ملک بھر میں عملے کے ٹریننگ سیشنز 15 جنوری تک منعقد ہوں گے، پہلے فیز میں کوروناویکسی نیشن کے ماسٹرز ٹرینرز تیار کیے جا رہے ہیں، صوبائی ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ 11جنوری تک مکمل ہوگی۔