پاکستان: کورونا سے مزید 50 اموات، 2400 سے زائد نئے کیسز رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 50 افراد انتقال کرگئے اور 2400 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 40509 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2482 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 50 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.7 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10511 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 95075 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34049 ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2122 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 450515 ہوگئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 221734 ہوگئی ہے جب کہ 3653 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 142835 ہے اور 4203 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18300 اور ہلاکتیں 186 ہوچکی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 60229 اور 1702 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8416 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 232 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4874 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 38687 ہے اور اب تک 434 مریض انتقال کرچکے ہیں۔