شمالی کوریا کے سربراہ نے ناکامیوں کا اعتراف کرلیا

شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے ملک کی معاشی حالت کی ابتر صورتحال پر اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرلیا۔ کِم نے شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر جاری بیان میں اعتراف کیا کہ تقریباً تمام شعبوں میں ملکی اقتصادی ترقی کا منصوبہ بری طرح سے ناکام ہوا ہے۔شمالی کوریا کے سربراہ نے گزشتہ 5 سالوں کو ملک کی بد سے بدترین حالت کے لیے بے مثال قرار دیا۔

کِم جونگ کا کہنا تھا کہ ہمیں درپیش موجودہ مختلف چیلنجز پر یقینی اور تیزی سے قابو پانے کا راستہ یہی ہے کہ ہم اپنی خود اعتمادی اور اپنی طاقت سے ہر ممکن کوشش کریں۔شمالی کوریا کے سربراہ نےکہا کہ گزشتہ 5 سال کی اقتصادی حکمت عملی کے نتیجے میں تمام شعبوں میں ہماری مقاصد پورے نہیں ہوسکے۔کِم کا کہنا تھا کہ جہاں ہمارے تجربات اور کاموں میں غلطیاں ہوئیں ہم اس تمام صورتحال کا گہرائی سے جامع تجزیہ کریں گے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر اور کِم کی ملاقات کے بعد سے امریکا اور شمالی کوریا کے تعلقات میں تعطل ہے جب کہ موجودہ حالات میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے شمالی کوریا نے اپنی سرحدوں کو بند کر رکھا ہے جس سے اسے مزید تنہائی کا سامنا ہے۔