حکومت کہتی ہے دہشتگردوں کو شکست دی،کہاں ہے وہ شکست؟ فضل الرحمان

ڈی آئی خان: جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سانحہ مچھ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ حکومت کہتی ہے دہشتگردوں کو شکست دی،کہاں ہے وہ شکست؟ ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بارے میں فیصلے متفقہ ہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں حکمت عملی پر ہم متوجہ ہوئے ہیں، جنوری کا پورا مہینہ موجود ہے، آئندہ کا لائحہ عمل بھی طےکرلیں گے، استعفوں اورلانگ مارچ کے معاملے پر جنوری میں بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کے ساتھ قومی ڈائیلاگ خارج از امکان ہے، یہ جعلی اسمبلی ہے، اس کو وقت پورا کرنے نہیں دینا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے مظاہروں کو نہیں روک سکتی، ملتان اور لاہور میں کوشش کی گئی، لاکھوں کے اجتماع کو تین چار ہزارکا اجتماع ظاہرکرنےکی کوشش کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ مچھ اندوہناک واقعہ ہے اس کے ذمے داروں کوکیفرکردار تک پہنچایا جائے، حکومت کہتی ہے دہشتگردوں کو شکست دی،کہاں ہے وہ شکست؟ ملک میں ساری کمیونیٹیز غیر محفوظ ہیں۔