دشمن پاکستان کو شام، عراق، یمن اور لیبیا بنانا چاہتا ہے: طاہر اشرفی

اسلام آباد: وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہےکہ دشمن پاکستان کو شام، عراق، یمن اور لیبیا بنانا چاہتا ہے۔

متحدہ علماء بورڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی کہا کہ بھارتی اور یہودی میڈیا پاکستان اور اس کی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، دشمن کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح فرقہ وارانہ تصادم کروایا جائے کیونکہ دشمن پاکستان کو شام، عراق، یمن اور لیبیا بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کواہل لاہور نے جواب دے دیا، اپوزیشن تو ابھی خود متفق نہیں کہ وہ سینیٹ کا الیکشن اور ضمنی الیکشن بھی لڑنے جا رہے ہیں۔ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں دہشت گردی کے واقعے کی جس قدر مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

اس موقع پر انہوں نے عالم اسلام کی شخصیات کے خلاف ایک فلم کےحوالے سے مذمت کی۔